15 جون 2009 - 19:30

مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے پشاور اور بنو ں میں ہونے والے خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آئے روز ہونے والے دھماکوں میں امریکہ اور ہندوستان ملوث ہیں۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق علامہ ناصر عباس جعفری کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے لہٰذا تمام دینی ،سماجی اور سیاسی جماعتوں کو ملکر ملک کو امریکہ کے چنگل سے نکالنا ہوگا ۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک کے اندر موجود بلیک واٹر اور اس جیسے دوسرے عناصر پاکستان کا امن غارت کرنے میں مصروف ہیں اور اِن غیر ملکی عناصر کی موجودگی سے ملکی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں جن سے متعلق حکمرانوں کو آنکھیں کھُولنا ہوں گی۔

انھوں نے وزیرستان میں جاری آپریشن میں پاک فوج کی مسلسل کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان آپریشن کے ساتھ ساتھ لوئرکرم میں بھی آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے جس کی مدد سے تین سال سے بند پارہ چنار کے زمینی راستے کھلنے میں مدد ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ طالبان اب پسپائی کی طرف جاچکے ہیں اور بہت جلد ہی پاک آرمی ملک دشمن عناصر کوشکست فاش سے دوچار کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ ملک کی چودہ کرو ڑ عوام پاک فوج کی پشت پر ہیں اور اِنشاءاللہ تعالیٰ وہ وقت دور نہیں جب ملک دہشتگردوں سے پاک ہوجائے۔