10 اگست 2025 - 16:32
"پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں دھماکہ، 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں"

وزارت ریلوے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریلوے اور سکیورٹی اداروں کی ٹیمیں موقعے پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، پاکستان ریلویز کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کے ٹریک پر اتوار کے روز بلوچستان کے ضلع مستونگ کے قصبے سپیزنڈ کے قریب آئی ای ڈی ڈیوائس سے دھماکہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔

وزارت ریلوے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ریلوے اور سکیورٹی اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مسافروں کو کوئٹہ واپس لایا جا رہا ہے اور سکیورٹی کلیئرنس کے بعد کوئٹہ سے ٹرین آپریشن دوبارہ بحال کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس سپیزنڈ کے قریب ٹریک سے گزر رہی تھی۔ واقعے میں ٹرین کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب رواں برس 11 مارچ کو بھی جعفر ایکسپریس پر بولان کے علاقے میں مسلح افراد نے حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ اس واقعے میں 26 افراد، جن میں 18 سکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے، جاں بحق ہوئے جبکہ 33 عسکریت پسند مارے گئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی، جس کے بعد ٹرین سروس دو ہفتوں تک معطل رہی اور 27 مارچ کو دوبارہ شروع کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha