15 جون 2009 - 19:30

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایران میں ہونے والے سیستان خود کش حملے کے تحقیقات میں پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گا۔

ایوان صدر اسلام آبادمیں ایران کے وزیر داخلہ مصطفی محمد نجار نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کی،اس موقع پر وزیر داخلہ رحمان ملک بھی موجود تھے۔صدر زرداری نے کہا کہ ایران خود کش حملے میں ملوث افراد پاکستان اور ایران دونوں کے دشمن ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا فروغ نہیں چاہتے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ایسے واقعات سے باہمی دوستانہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے اور مشترکہ منصوبوں پر کام جاری رہے گا۔ صدر نے کہا کہ پورے خطے کو عسکریت پسندی کے مشترکہ خطرے کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لئے مل کر حکمت علمی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے۔انہوں نے فرینڈز آف پاکستان کے اجلاس میں ایران کی طرف سے30کروڑ ڈالر کی امداد کا خیر مقدم کیا ۔