15 جون 2009 - 19:30

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ پاک ایران تعلقات خراب کرنے کی سازش ہوسکتی ہے.

اہل البیت (نیوز) ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عالمی اہل البیت (ع) اسمبلی کی سپریم کونسل کے رکن نے سیستان و بلوچستان میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے سپاہ پاسداران کے سینئر کمانڈروں سمیت متعدد بے گناہ افراد کے جان بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پاک ایران تعلقات صدیوں پر محیط ہیں لہذا دونوں ممالک کو مل کر اس سانحہ کی مکمل تحقیقات کرکے ان کی روشنی میں ایسے ٹھوس اقدامات کرنا چاہئیں جن سے ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے.

اندرون سندھ محتلف اضلاع کے دورہ جات کے دوران عوام اجتماعات سے خطاب اور اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ یہ افسوسناک سانحہ ان قوتوں کی کارستانی ہوسکتی ہے جو پاک ایران تعلقات کو خراب کرنا چاہتی ہیں اور اس تاک میں رہتی ہیں کہ کب انہیں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے مواقع فراہم ہوسکیں. لہذا اسلام آباد اور تہران کو ذمہ دارانہ طرز عمل اپناتے ہوئے ایسی قوتوں کے ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملانا چاہئے تا کہ دو ہمسایہ ممالک کے باہمی تعلقات میں کسی قسم کی دراڑ وجود میں نہ آسکے.

علامہ ساجد نقوی نے اس خودکش دھماکے میں جان بحق ہونے والوں اور ایرانی عوام کو پاکستانی عوام کی جانب سے دلی دکھ پر مبنی تعزیتی جذبات و احساسات کا اظہار بھی کیا.