صدر آصف علی زرداری نے جمعہ کو ایران کے صدر احمدی نژاد سے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خلیج میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے ایران کے ساتھ بہتر تعاون کا خواہاں ہے۔
صدراتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایرانی صدر سے ملاقات میں صدر آصف علی زرداری نے دو طرفہ تعلقات اور اسلام آباد میں ہونے والی پاکستان، ایران اور افغانستان سہ فریقی کانفرنس کے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے ایران کے ساتھ قریبی تعاون رکھنے کا خواہاں ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ملک اپنے اپنے عوام کے مفاد کی خاطر عالمی اور علاقائی ایشوز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔
صدر مملکت نے دو طرفہ تجارتی تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان ریل اور سڑکوں کے نیٹ ورک کی بہتری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی رابطوں میں اضافہ سے دونوں جانب کے عوام کو فائدہ ہوگا۔
فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ ایرانی صدر نے صدر آصف علی زرداری کے جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ وہ سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کے بے چینی سے منتظر ہیں۔