17 جنوری 2021 - 11:39
انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ایام فاطمیہ کی اختتامی مجلس

انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت فاطمۃ الزہرا ؑ کے فضائل اور سیرت و کردار کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے طول و عرض میں ایام فاطمیہ کی اختتامی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔

جن مقامات پر اس سلسلے میں مجالس عزاء کا انعقاد ہوا ان میں مرکزی امام باڑہ بڈگام، چھترگام، پونچھ گنڈ، یاگی پورہ ماگام، سونہ پاہ اور اندرکوٹ وغیرہ شامل ہے  اس سلسلے کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقد ہوا جس میں عقیدت مندوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت فاطمۃ الزہرا ؑ کے فضائل اور سیرت و کردار کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔آغا صاحب نے جناب سیدہؑ کی شان و منزلت بیان کرتے ہوئے کہا واقعہ مبائلہ خاتون جنتؑ کی عظمت کا ایسا ایمان افروز مظاہرہ ہے جس کے آگے نجران کے یہودی اکابرین نے بلا جھجک سرنگونی اختیار کی۔

انھوں نے کہا کہ حضرت زہراؑ کی سیرت کا سب سے نمایاں پہلو نظام ولایت کی جستجو تھی آپ ؑ نے اپنی مختصر ترین زندگی میں عشق عرفان الٰہی، زہد و تقویٰ اور تحفظ حق و انسانیت کے ایسے عناوین رقم کئے جو رہتی دنیا تک امت مسلمہ کے لئے سرمایہ نجات ہیں آغا صاحب نے کہا کہ ایک پر امن اور صالح معاشرہ کی تشکیل کے لئے سیرت فاطمہ ؑ سے زیادہ کوئی موثر اور نتیجہ خیز راہ عمل نہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲