8 جنوری 2021 - 12:05
 شیعہ علماء کونسل اور دیگر اہل تشیع جماعتوں کے زیر اہتمام سانحہ مچھ کے خلاف احتجاجی جلسہ+ تصاویر

مظاہرین نے وزیراعظم کے کوئٹہ نہ جانے کے اعلان پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کے اس اقدام کو شہداء کی توہین قرار دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ علماء کونسل اور اہل تشیع جماعتوں کے زیر اہتمام سانحہ مچھ کے خلاف علامہ محمد رمضان توقیر کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

رپورٹ کے مطابق، احتجاجی ریلی نماز جمعہ کے بعد کوٹلی امام حسین(ع) سے نکالی گئی۔ ریلی میں مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر سانحہ مچھ کے مظلوموں کے حق اور حکومت مخالف نعرے درج تھے۔

اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ روز سے ہزارہ برادری گیارہ شہداء کی لاشیں سڑک پر رکھ کر حکومت سے اس ناحق خون کا انصاف مانگ رہی ہیں مگر نااہل و بے حس حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ حکمران اقتدار کی حواس میں اندھے ہو چکے ہیں۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ریلی شرکاء کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مظلوموں کے زخموں پر مرہم پٹی کے بجائے نمک چھڑک رہے ہیں اور وہاں جانا تو دور کی بات الٹا شہداء اور ان کے لواحقین کی توہین کر رہیں ہیں۔ واقعی پاکستان میں تبدیلی آ گئی ہے۔

مظاہرین نے وزیراعظم کے کوئٹہ نہ جانے کے اعلان پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کے اس اقدام کو شہداء کی توہین قرار دیا۔

مظاہرین و مقررین کا کہنا تھا کہ کسی بھی مذہب یا مسلک میں کسی انسان کا قتل انسانیت کا قتل تصور کیا گیا ہے۔ سانحہ مچھ مذہب کے نام پر قتل اور دہشت گردی ہے۔ تمام مذاہب اور مسلک کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲