27 دسمبر 2020 - 16:25
2020 میں صہیونی ریاست کے ہاتھوں 170 فلسطینی مکانات مسمار

فلسطین کی وزارت خارجہ نے سن دوہزار بیس میں خود ساختہ صہیونی حکومت کے ہاتھوں مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے ایک سو ستّر سے زیادہ مکانات کی مسماری اور چار سو سے زائد باشندوں کے دربدر ہوجانے کی خبر دی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ خود ساختہ غاصب صیہونی حکومت نے امریکہ کی موجودہ حکومت کی مدد سے مقبوضہ بیت المقدس کے عرب اور فلسطینی تشخص کو ختم کرکے اسے یہودیت کا رنگ دینے کے لئے یہودی کالونیوں کی تعمیر کا کام تیز کر دیا ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے شہر قدس میں صیہونی حکومت کے تمام اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا اور عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اس سے وابستہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بیت المقدس اور اس کی حیثیت کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریوں پرعمل کریں۔

اقوام متحدہ کی قرارداد بائیس چونتیس کے مطابق، خود ساختہ صیہونی حکومت کی جانب سے یہودی کالونیوں کی تعمیرغیر قانونی ہے۔ اس کے باوجود امریکی، مغربی اور عرب حمایت یافتہ غاصب صیہونی ٹولہ تمام تر عالمی قوانین کو خاطر میں لائے بغیر اپنے توسیع پسندانہ اہداف کے لئے فلسطینیوں کے مکانات کو منہدم کر کے صیہونی کالونیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲