اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کا پشاور میں ورسک ڈیم سے ملحق کرسچن کالونی اور مردان میں ضلع کچہری پر ہونے والے بم حملوں و دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور ان واقعات پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں استحکام کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستانی عوام کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرکے تحفظ فراہم کیا جائے۔ علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ سرحد کے دوسری طرف کے حالات کا براہ راست پاکستان پر اثر پڑتا ہے، لیکن سوال یہ ہے ملک کی موجودہ حالات کے ذمہ دار کون ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن اس وقت تک قائم نہیں ہوگا، جب تک دہشتگردی کی جڑیں ختم نہ کی جائیں، شاخوں اور پتے جھاڑنے سے مثبت نتائج برآمد نہیں ہوسکیں گے۔ قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کارکردگی کو سراہتی ہے لیکن مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومت، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت کسیاتھ کام کر رہے ہیں، لیکن نیشنل ایکشن پلان اور ضرب عضب کے بعد بھی اس قسم کے واقعات کا رونما حیران کن اور اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔؟ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور دہشتگردوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔ آخر میں انہوں نے واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور شہداء کی قربانیوں کی بدولت ملک جلد امن کا گہوارہ بنے گا۔
.......
/169