2 ستمبر 2016 - 15:53
اقوام متحدہ میں ایرانی نمائندے کی دنیا میں پائیدار امن کے قیام پر تاکید

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اس ادارے کے تمام اراکین سے اتحاد کی ضرورت اور دنیا میں منصفانہ حل کے ذریعے پائیدار امن کے قیام پر تاکید کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے اس ادارے کے اعلی حکام کے ساتھ امن کی ثقافت کے موضوع سے متعلق ایک اجلاس میں کہا کہ دنیا میں عدل و انصاف اور پائیدار امن کے قیام کے لئے بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے - اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے کہا کہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کو اہمیت دینے اور ان کے احترام ، نیز تخفیف اسلحہ اور عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں خاص طورپر ایٹمی ہتھیاروں کی مکمل طور پر تباہی سے امن  کو تقویت حاصل ہوگی-

خوشرو نے دنیا میں داعش، بوکوحرام ، القاعدہ اور جبھۃ النصرہ (فتح الشام)  جیسے دہشت گرد گروہوں کی جارحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے میں کہ جب آج ساری دنیا یہ جان چکی ہے کہ کون سی تخریبی اور کھوکھلی ذہنیت، دہشت گردی کو تقویت پہنچا رہی ہے ، بعض افراد کے مخصوص مفادات اور ان کی سیاسی تنگ نظری، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے-

اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے جنگ پسندوں کی حمایت بند کئے جانے ، غاصبانہ قبضوں کے خاتمے اور ثقافتی و فوجی برتری حاصل کرنے کی کوششوں سے دستبرداری کو، امن کی پیشرفت کا سبب قرار دیا اور کہا حقیقی امن کا قیام  اسی وقت ممکن ہے جب طاقت کے مراکز یہ تسلیم کرلیں کہ دنیا کے مسائل کو فوجی طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا -

خوشرو نے ایران کی جانب سے " انتہا پسندی اور تشدد سے عاری دنیا" کی تجویز پیش کئے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایک بارپھر امن کے حصول کے لئے قوموں کو متحد ہونے کی دعوت دی-  اسلامی جمہوریہ ایران کی اس تجویز کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دو قراردادوں کی صورت میں دنیا کے ملکوں نے منظور کیا ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲