28 اگست 2016 - 07:07
ایران، عراق کی تقسیم کا سوفیصد مخالف: ایرانی پارلیمنٹ اسپیکر

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، عراق کی تقسیم کا سو فیصد مخالف ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ہفتے کے دن  اسلامی تنظیم نجبائے عراق کے سیکرٹری جنرل اور الحشد الشعبی کے کمانڈر، شیخ اکرم الکعبی کے ساتھ تہران میں ملاقات کے دوران کہا کہ سعودی عرب خطے کے موجودہ حالات میں منفی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے لیکن اسے کبھی کامیابی نہیں ہوئی اور وہ ہمیشہ ناکام ہی ہوا ہے۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے گزشتہ ڈیڑھ برس سے یمن پر جاری سعودی عرب کے فوجی حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود کو اپنا ایک مقصد بھی حاصل نہیں ہوا ہے جیسا کہ شام میں بھی اسے اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی کا ہی سامنا کرنا پڑا ہے۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے عراق کے مراجع کرام کے مواقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عراق اور شام میں دشمنوں کی سازشیں جاری ہیں اور اتحاد کے ذریعے اسلامی ممالک پر دشمنوں کے تسلط کی روک تھام کی جانی چاہئے۔

شیخ اکرم الکعبی نے بھی اس ملاقات میں ایرانی قوم کی جانب سے عراقی عوام کو دی جانے والی امداد کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ عراق میں بہت سے علاقوں کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے اور اب اس گروہ کے عناصر صرف موصل شہر اور صوبہ الانبار کے صحرائی علاقے کے چند محدود علاقوں میں موجود ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲