23 اگست 2016 - 06:23
علی شمخانی: ایران، روس اور شام کے باہمی تعاون کے باعث امریکی اسٹریٹیجی ناکام ہوگئی

علی شمخانی: ایران اور روس کے تعلقات اسٹریٹیجک تعاون کے دائرے میں قائم ہیں، ان تعلقات کی بنیاد قومی مفادات پر استوار ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف ایران، روس اور شام کی ہم آہنگی کی وجہ سے شام کے سیکورٹی حالات سے متعلق اپنی مرضی مسلط کرنے پر مبنی امریکہ کی اسٹریٹیجی ناکام ہوگئی ہے۔

علی شمخانی نے اعتدال پسند مخالفین جیسے جعلی القاب کے ساتھ شام کے عوام پر بے پناہ مظالم ڈھانے والے دہشت گردوں کو ناقابل شکست بنانے پر مبنی امریکہ اور اس کے علاقائی اتحادیوں کی کوشش کی جانب اشارہ کیا اورکہا کہ ٹائم کلنگ سے متعلق امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے حالیہ آپریشن کے دوران شام میں دہشت گردوں کو زمینی اور فضائی حملوں میں شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

علی شمخانی نے کہا کہ حالیہ آپریشن کے دوران ایران، روس اور شام کے باہمی تعاون سے یورپی اور سعودی ذرائع ابلاغ کی جانب سے مختلف نوعیت کی خبریں نشر کیے جانے کا مقصد تدمر، ادلب کے علاوہ لاذقیہ اور حلب کے مضافات میں اپنےاتحادیوں کی شکستوں پر پردہ ڈالنے کے لئے نفسیاتی جنگ کا آغاز ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے دہشت گردی کے مقابلے کے سلسلے میں ایران، روس اور شام کے باہمی تعاون کے بارے میں دیے جانے والے بعض غلط بیانات کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات اسٹریٹیجک تعاون کے دائرے میں قائم ہیں، ان تعلقات کی بنیاد قومی مفادات پر استوار ہے اور یہ تعلقات دہشت گردی کے مقابلے تک محدود نہیں ہیں بلکہ یہ بہت وسیع پہلووں کے حامل ہیں۔

۔۔۔۔۔

/169