21 اگست 2016 - 17:15
روس کی امریکہ کے دوہرے معیاروں پر کڑی نکتہ چینی

روس کی وزارت خارجہ نے شام کے بارے میں امریکہ کے دوہرے معیاروں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ شام میں دہشت گردی کے حوالے سے اپنے وعدے پر عمل نہیں کررہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے شام کے متعلق عالمی گروپ کے اجلاس میں وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے حمایت یافتہ گروہوں کو شام میں سرگرم دہشت گرد گروہوں سے الگ کر لے گا لیکن تاحال اس نے ایسا نہیں کیا ہے۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ شام میں نام نہاد اعتدال پسند مخالفین کی دہشت گردوں سےعلیحدگی کا منصوبہ دہشت گردی کے خاتمے میں انتہائی اور موثر واقع ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف اور روسی ماہرین نے متعدد بار اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر یہ کام کرلیا جائے تو پھر ذرائع ابلاغ ایسی غلط خبریں نشر نہیں کرسکیں گے کہ شام میں اعتدال پسند گروہوں کے زیر قبضہ علاقوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ماریا زاخا رووا نے واضح کیا کہ امریکی وعدے کو مہینوں گزرنے کے باوجود اس کے حمایت یافتہ نام نہاد اعتدال پسند گروپ بدستور دہشت گرد گروہوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ اس سے قبل روسی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ امریکہ کی وعدہ خلافیوں کی وجہ سے شام میں جبہت النصرہ جیسے دہشت گرد گروہ زور پکڑ رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲