اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کو پولیس نے اس وقت گرفتار کیا جب موصوف کی قیادت میں ان کی رہائش گاہ سے ایک احتجاجی جلوس برآمد کیا گیا۔ جلوس کو آغا صاحب کی قیادت میں آری پانتھن جانے کا پروگرام تھا جہاں گزشتہ دنوں فورسز نے پُرامن جلوس پر فائرنگ کرکے موقعہ پر ہی 4 جوانوں کو شہید کیا اور درجنوں کو لہو لہان کردیا تھا۔ آغا صاحب کی قیادت میں انجمن شرعی شیعیان کے درجنوں کارکنوں پر مشتمل جلوس جوں ہی ڈی سی آفس روڈ بڈگام کی طرف مارچ کرنے لگا تو فورسز نے سڑک کی مکمل ناکہ بندی کی جس کی وجہ سے جلوس آگے نہ بڑھ سکا۔ واضح رہے کہ آغا صاحب گزشتہ 43 روز سے متواتر خانہ نظر بند ہیں اور انجمن شرعی شیعیان کے سرگرم رکن غلام محمد ناگو بھی 9 دن سے اپنے گھر میں نظر بند کئے گئے ہیں۔انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے مذکوران کی مسلسل خانہ نظر بندی کی پُرزور الفاظ میں مذمت کی۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی مبنی برحق جدوجہد بالخصوص جاری ہمہ گیر احتجاجی تحریک کے خاتمے کیلئے کشمیر میں جبرواستبداد کی تاریخ کا ایک اور سیاہ باب رقم کررہا ہے۔اس موقعہ پر آغا صاحب نے باہمی اتحاد و اخوت کو ہر قیمت پر قائم رکھنے کیلئے پُرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں موجودہ ہمہ گیر احتجاجی تحریک کا رُخ موڑنے کی بھر پور کوششیں کی جارہی ہیں۔ ترجمان نے کھریو شار میں فورسز کی بے رحمانہ مارپیٹ کے نتیجے میں ایک ذی عزت لیکچرار کی شہادت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ کو درندہ صفت فورسز کی بے لگامی کی بدترین مثال قرار دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲