17 اگست 2016 - 18:48
یمنی عوام کا سیاسی کونسل کے قیام کے حق میں مظاہرہ

یمن کے عوام نے پارلیمنٹ کے اجلاس کے از سرنو آغاز اور سیاسی کونسل کے قیام کے حق میں مظاہرے کیے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رپورٹ کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں یمنی شہری شمال مغربی شہد صعدہ کی سڑکوں پرنکل آئے اور پارلیمنٹ کے اجلاس کے از سرنو آغاز اور اعلی اختیاراتی سیاسی کونسل کی منظوری کے فیصلے کے حق میں نعرے لگائے۔مظاہرین، اپنے ملک کے خلاف سعودی جارحیت اور بے گناہوں کے قتل عام کی مذمت میں بھی نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرے میں شریک لوگوں نے بچوں کے حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ سعودی عرب کے حملوں میں یمنی بچوں کے قتل عام کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات عمل میں لائیں۔ مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آل سعود کے مظالم اور جارحیت کا ڈٹ کرمقابلہ کرتے رہیں۔ مظاہرے کے شرکا کا کہنا تھا کہ سعودی بمباری ، گھروں اور اسپتالوں کی تخریب سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ مظاہرین نے ایک بار پھر ملک کا انتظام چلانے کی غرض سے تشکیل پانے والی اعلی سیاسی کونسل کی بھرپور حمایت کا بھی اعلان کیا۔ قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز تقریبا ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد یمن کی پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں ملک کی اعلی سیاسی کونسل کے ارکان نے بھی اپنے عہدیدے کا حلف اٹھایا ہے۔ سعودی عرب نے امریکہ اور خطے کے بعض ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ اس جارحیت کا مقصد یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲