13 اگست 2016 - 05:39
ایرانی وزیر خارجہ کی ترک صدر سے ملاقات

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے انقرہ میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے ایوان صدر میں ہونے والی اس ملاقات میں تہران انقرہ تعلقات اور اہم علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ترکی کے ایوان صدر سے متصل مسجد میں صدر اردوغان کے ساتھ نماز جمعہ بھی ادا کی۔

ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اناطولیہ نے صدر اردوغان اور وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی ملاقات کی تصویر بھی جاری کی ہے۔ قبل ازیں اپنے ترک منصب مولود چاؤش اوغلو کے ساتھ مشتر کہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا تھا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے حوالے سے ایران اور ترکی کے نظریات اور اہداف میں اشتراک پایا جاتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بعض اختلافات کے باوجود دونوں ممالک شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور داعش، جبہۃ النصرہ اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ کے بارے میں مشترکہ نظریات رکھتے ہیں۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ترکی کے ایک روزہ دورے پر جمعے کی صبح انقرہ پہنچے تھے۔

.......

/169