5 اگست 2016 - 18:19

پاکستان میں علامہ شہید عارف حسین حسینی کی برسی کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما نے اپنے پیغام میں انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے شہید عارف حسین الحسینی کی اٹھائیسویں برسی کے موقع پر اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ آج پانچ اگست کا دن ہے، آج اس شخص کی شہادت کا دن ہے جس نے اپنی قوم و ملت اور اپنے خدا کے ساتھ جو عہد کیا اسے بخوبی نبھایا اور اپنے راستے کے سچائی کی گواہی اپنے لہو سے دی۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے علامہ سید عارف حسین الحسینی شہید کے چہلم کے موقع پر پاکستانی قوم کے نام جو پیغام جاری فرمایا تھا وہ شہید قائد کی عظمت کا عکاس ہے۔ امام خمینی رحمتہ اللہ نے فرمایا تھا کہ پاکستانی قوم کو شہید قائد کے افکار و نظریات کی پاسداری کرنی چاہئے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ امام خمینی رحمتہ اللہ جانتے تھے کہ شہید کے افکار، شہید کا نظریہ، شہید کا ویژن اسلام کے لئے، مسلمانوں کے لئےاور پاکستان کے لئے نجات دہندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم و ملت کا شہید کی قیادت سے محروم ہونا ایک بڑا المیہ اور بہت بڑا نقصان نیز ایک ایسا خلا تھا کہ جسے مدتوں بعد بھی پورا نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہید عارف حسین حسینی، پاکستان کو ایک مستقل پاکستان دیکھنا چاہتے تھے۔ ایک ایسا پاکستان کہ جہاں تمام طبقات کے درمیان برابری کی بنیاد پرتعلقات ہوں جہاں پر بھائی چارہ اور اخوت ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد چاہتے تھے کہ ہمارا وطن مستقل ہو، آزاد ہو، اس کی خارجہ و داخلہ پالیسی آزاد ہو اور پاکستان کو عالمی قوتوں کے سایہ سے نکال کر خودمختار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد امریکہ کو بڑا شیطان سمجھتے تھے، اسی لئے وہ  امریکہ کے ساتھ تعلقات کو پاکستان کے لئے بلکہ  پورے خطے کے لئے نقصان دہ قرار دیتے تھے۔

ْْْْ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲