اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کرگل کی معروف علمی شخصیت اور امام خمینیؒ ٹرسٹ کرگل کے بانی جناب شیخ حسین ذاکری کے وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے جملہ لواحقین اور اہلیان کرگل سے تعزیت کی۔ آغا صاحب نے کہا کہ مرحوم نے کرگل میں امام خمینیؒ ٹرسٹ کی بنیاد ڈال کر خطہ لداخ میں انقلاب اسلامی ایران کے فکرو پیغام کو گھر گھر تک پہچانے کیلئے بنیادی کردار ادا کیا اور مذکورہ ٹرسٹ کی کرگل میں دینی ، تعلیمی، سیاسی اور سماجی خدمات ایک کھلی کتاب کے مانند ہے۔ آغا صاحب نے مرحوم کے بلند درجات کی دعا کرتے ہوئے شیخ صاحب کی وفات کو ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انجمن شرعی شیعیان ایک بہترین خیرخواہ اور اہلیان کرگل ایک بیش بہا اثاثے سے محروم ہوگئے۔آغا صاحب نے پریس ٹی وی کے مراسلہ نگار سید علی صفوی کی پولیس کے ہاتھوںسفاکانہ مارپیٹ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی پولیس اپنے ظالمانہ اور برادر کُش کردار پر پردہ ڈالنے کیلئے صحافیوں پر بھی بے رحمانہ تشدد سے گریز نہیں کرتی۔آغا صاحب نے سید علی صفوی کی جلد شفایابی کی دعا کی۔ دریں اثنا آغا صاحب نے حریت رہنما محمد یوسف نقاش کی بھابی کی وفات پر دلی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت کی اور مرحومہ کے بلند درجات اور جنت نصیبی کی دعا کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲