17 جولائی 2016 - 10:54
رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر: ایران ترکی میں فوجی بغاوت کا مخالف

بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ترکی میں فوجی بغاوت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ وہ دن آئے گا جب ترکی کی حکومت شام کے عوام کی خواہشات اور مرضی کا احترام کرے گی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ شام کے معاملات میں ایران اور ترکی کے درمیان نظریاتی اختلاف ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ایک دن وہ آئے گا جب ترکی کی حکومت شام کے عوام کی رائے اور خواہشات کا احترام کرے گی اور شام میں حکومت کی تشکیل کا اختیار شامی عوام کو دے گی۔

تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ شام کے صدر بشار اسد بھی شامی عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوئے ہیں اور اگر شامی عوام ان کی حمایت نہ کرتے تو وہ گذشتہ پانچ برسوں سے شام پر مسلط کی گئی ایک عالمی جنگ کا اتنی پامردی کے ساتھ مقابلہ نہیں کر سکتے تھے- انہوں نے کہا کہ ایک اچھی بات یہ ہے کہ ترک وزیراعظم نے پچھلے ہفتوں کے دوران شامی حکومت کے ساتھ ایک طرح سے مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیاہے اور یہ آگے کی جانب ایک قدم ہے-

ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ ترک عوام نے بروقت سڑکوں پر نکل کر فوجی بغاوت کو ناکام بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی ہمارا ہمسایہ اور برادر ملک ہے اور ہم ترکی میں فوجی بغاوت کی مخالفت کرتے ہیں- انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی اختلافات سے قطع نظر ایران اور ترکی کے درمیان بے شمار اشتراکات پائے جاتے ہیں اور ان کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات مستحکم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدیوں سے دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کی ہمسائیگی میں پرامن زندگی بسرکر رہے ہیں -

ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ بلاشبہ کچھ فوجیوں کے ایک گروہ کی بغاوت ترکی کے عوام کے نقصان میں ہے اور ہم ترک عوام کی فلاح و بھلائی چاہتے ہیں اسی لئے اسلامی جمہوریہ ایران ہر قسم کی بغاوت کی مخالفت کرتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169