اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے امریکی قانون سازوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف نفرت انگیر بیانات پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں بہت بڑی قیمت چکائی ہے۔
پاکستان کے وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلے سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں بہت بڑی قیمت چکانی پڑی لیکن افسوس کی بات ہے کہ امریکی کانگریس کے ایک پینل کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اقدامات کا پتہ ہی نہیں ہے۔
چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستانی شہری، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور فوجی جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے لیکن امریکی قانون سازوں نے پاکستانیوں کی جانب سے دی گئی قربانیوں کے بارے جاننے کی کوشش ہی نہیں کی۔
وزیرداخلہ پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے اور مستقبل میں خطے کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں جن میں اسے کافی کامیابی بھی ملی ہے۔
اس موقع پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلے نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کوششوں خاص طور پر آپریشن ضرب عضب کا اعتراف کرتا ہے-
.......
/169