7 جولائی 2016 - 18:32
خدا کرے یہ عید امت مسلمہ کے باہمی اتحاد اور مظلوم قوموں کی کامیابی کی نوید لے کر آئے: آغا حسن

خدا کرے یہ عید امت مسلمہ کے باہمی اتحاد و اخوت کی مکمل بحالی اور اسلام و امت مسلمہ کے خلاف منصوبہ بندیوں میں مصروف استعماری قوتوں کی نابودی، مصروف جد وجہد مظلوم قوموں کی کامیابی کی نوید لے کر آئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عید الفطر کے متبرک موقعہ پر فرزندان توحید کو پرخلوص ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے اسلام و مسلمین کی سربلندی اور عالم انسانیت کی امن و سلامتی کے لیے رب العزت کی بارگاہ میں دست بدعا ہوں۔ خدا کرے یہ عید امت مسلمہ کے باہمی اتحاد و اخوت کی مکمل بحالی اور اسلام و امت مسلمہ کے خلاف منصوبہ بندیوں میں مصروف استعماری قوتوں کی نابودی، مصروف جد وجہد مظلوم قوموں کی کامیابی کی نوید لے کر آئے۔ ماہ مبارک کے متبرک ایام ہم سے وداع ہو رہے ہیں۔ نعمت تقویٰ کی لذتوں سے اپنے روح و قلب کو آشنا کرنے کے لئے مسلمان ماہ مبارک کے روزے رکھتا ہے۔ صبح سے لے کر شام تک خواہشات نفس کی نکیل کسنے کے لیے حلال چیزوں سے بھی مکمل دوری اختیار کرتا ہے۔ اپنے جسم کے ہر عضو کو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے حلال چیزوں کی طرف ہاتھ بڑھاتا تو یہ کیسے ممکن ہے کہ عام دنوں میں حرام کا متلاشی بن کر اپنے رب کو غضب ناک کرے۔ اسلام نے ماہ مبارک کے روزوں کی استجابت کو عید سے پہلے زکات فطرہ کی ادائیگی سے مشروط بنایا ہے جس میں یہی فلسفہ پوشیدہ ہے کہ مسلمان کی کوئی بھی عبادت تب تک اللہ تعالی کے یہاں قابل قبول نہیں جب تک وہ اپنے محروم و مظلوم اور پریشان حال بھائیوں کی خبرگیری اور حمایت و نصرت کیلئے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا احساس نہ کرے۔ اس وقت جب کشمیری محکوم عوام کی سرکوبی اور رواں تحریک کے خاتمے کے لیے ہندو فرقہ پرست اور انتہا پسند قوتوں کے انتہائی دیرینہ ایجنڈے کو عملاتے ہوئے سازشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ لاکھوں شہدائے کشمیر کے خون سے سینچی تحریک آزادی ایک دشوار گزار مرحلے اور کڑی آزمائش سے گزر رہی ہے۔ جہاں استقامت کے ساتھ ساتھ حریت پسندوں کے اتحاد و یگانگت انتہائی ناگزیر بن چکی ہے۔ اس سلسلے میں جو بھی کوشش کی جائیگی اس کی مکمل تائید و حمایت ہر حریت پسند کا قومی اور تحریکی فریضہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں فلسفہ عید کو سمجھ کر اس کا عملی مظاہرہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲