اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مغربی عراق کے صوبے الانبار کے شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کی کاروائی کے دوران عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس الصقلاویہ مرکز کے قریب پہنچ گئی ہے، اور دوسری طرف فوج اور عوامی دستوں نے فلوجہ کے جنوبی علاقے حی الشہداء سے پیشقدمی شروع کردی ہے-
در ایں اثنا اس علاقے میں فوج نے چاروں طرف سے داعش گروہ کا محاصرہ کرلیا ہے اور اس علاقے سے باہر اس کی دسترس کے راستے منقطع کر دیئے ہیں-
یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراق کی عصائب اہل الحق تحریک کے ترجمان " جواد الطلیباوی" نے کہا ہے کہ سعودی عرب جیسے داعش کے حامی بعض ممالک، عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی پر دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ وہ فلوجہ کو آزاد کرانے کی کاروائی بند کردیں- الطلیباوی نے کہا کہ ہم العبادی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بیرونی دباؤ میں نہ آئیں اور دہشت گردوں کے چنگل سے عراق کی سرزمین کو آزاد کرانے کی عراقی قوم کی خواہش کا احترام کریں-
واضح رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں سعودی سفیر " ثامر السبھان " اس کوشش میں ہے کہ فلوجہ میں چھتیس گھنٹہ جنگ بندی کی مہلت حاصل کرنے کے ساتھ ہی دہشت گردوں کو فلوجہ سے باہر نکال لے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169