اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ریاست مغربی بنگال کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے جب کسی خاتون نے دوسری بار وزیراعلی کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے - ممتابنرجی کی تقریب حلف برداری میں کئی ریاستوں کے وزرائے اعلی منجملہ بہار کے وزیراعلی نتیش کمار، ریاست اترپردیش کے وزیراعلی اکھلیش یادو، تامیل ناڈوکی وزیراعلی جے للیتا، آندھراپردیش کے وزیراعلی چندربابونائیڈو اور دہلی کے وزیراعلی کیجری وال نے شرکت کی - اس کے علاوہ بھی مختلف پارٹیوں کے اہم رہنماؤں نے بھی اس تقریب میں حصہ لیا - ممتابنرجی کی تقریب حلف برداری میں کانگریس اور بھارتیہ جنتاپارٹی کے اہم رہنماؤں میں کوئی بھی شریک نہیں ہوا - البتہ مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے مرکز کی نمائندگی کی - سیاسی مبصرین اس صورتحال کو دو ہزار انیس کے عام انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی کے مقابلے میں ایک تیسرے محاذ کی تشکیل کے امکان کے طور پر دیکھ رہے ہیں- تیسرے محاذ کی تشکیل کی کوششیں پہلے بھی ہو چکی ہیں جو ناکام ثابت ہوئی ہیں - ممتابنرجی کی تقریب حلف برداری کولکتہ کے ریڈ روڈ پر ہوئی جہاں ریاست مغربی بنگال کے گورنر کے این ترپاٹھی نے ممتابنرجی کو عہدے کا حلف دلایا- جمعے کو کولکتہ میں ہونے والی تقریب حلف برداری کو ریاست مغربی بنگال کی اب تک کی سب سے بڑی تقریب حلف برداری قرار دیا جا رہا ہے - قابل ذکر ہے کہ ممتابنرجی کی تقریب حلف برداری میں بھوٹان کے وزیراعظم توبگے اور بنگلہ دیش کے وزیرصنعت عامر حسین بھی شریک ہوئے-
۔۔۔۔۔۔۔
/169