24 مئی 2016 - 11:43
پرنب مکھرجی چین کے دورہ پر روانہ

چین نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ سرحدی اختلافات کے حل کے لئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائےگا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ بیجنگ چاہتا ہے کہ ، ہندوستان کے ساتھ سرحدی اختلافات جلد از جلد حل کرلئے جائیں - چین کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملک اس بات پر زور دیتے ہیں کہ سرحدی اختلافات صرف مذاکرات کے ذریعے ہی قابل حل ہیں- ہندوستان کے صدر پرنب مکھرجی منگل سے اپنا تین روزہ دورہ چین شروع کر رہے ہیں ان کا یہ دورہ چین کے صدر شی جین پینگ کی دعوت پر انجام پا رہا ہے- اس سے قبل مکھر جی نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں کہا تھا کہ ہندوستان چین کے ساتھ سرحدی اختلافات کے حل کے لئے منصفانہ، منطقی اور قابل قبول راہ حل کا خواہاں ہے-

ہندوستان اور چین جو ہمسایہ ممالک ہیں اور دنیا کی سب سے بڑی آبادی والے ممالک بھی ہیں ان کے درمیان تقریبا چار ہزار کلومیٹر لمبی مشترکہ سرحد ہے اور ان ہی سرحدوں کے تعلق سے ان کے درمیاں اختلافات پائے جاتے ہیں۔ ان ہی اختلافات کی بنا پر انیس سو باسٹھ میں ہمالیا کے علاقے میں دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بھی ہوچکی ہے۔ اروناچل پردیش، لداخ، سکم اور آکسائی سرحدی علاقے ہیں کہ جن پر تقریبا چھے دہائیوں سے دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات چلے آرہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی تنازعات پر مذاکرات کے سولہ دور ہوچکےہیں جس سے معلوم ہوتا ہےکہ چین اور ہندوستان کے حکام اس تاریخی مسئلے کو حل کرنے کا پختہ سیاسی عزم رکھتے ہیں۔

.......

/169