24 مئی 2016 - 08:15
بڈگام میں آغا حسن کی قیادت میں عظیم الشان جلوس میلاد ولی العصرؑ

آغا صاحب نے کہا کہ انبیائے کرام ؑ کے مشن کے تکمیل کار حضرت حجتہ ابن الحسنؑ کی قیادت میں جو انقلاب روئے زمین پر برپا ہوگا اس سے ظلم و باطل کا مکمل خاتمہ اور حق و عدالت کا مکمل نفاذ عمل میں آئے گا

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ عالم بشریت کے آخری نجات دہندہ حضرت حجتہ ابن الحسنؑ کے یوم ولادت کے موقعہ پر جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میر گنڈ بڈگام میں ایک پروقار محفل میلاد نور کا انعقاد کیا گیا جس میں تنظیم کے زیر انتظام وادی میں مصروف خدمت سینکڑوں دینی مکاتب کے ہزاروں طلبہ و طالبات کے علاوہ فرزندان توحید کی خاصی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور حریت کانفرنس کے سینئر رہنما حجتہ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے تصور مہدویت کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے روئے زمین پر آخری نجات دہندہ کا تصور اکثر ادیان کا عقیدہ ہے۔ مسلمانوں کے تمام مسالک اس بات پر مکمل ایمان رکھتے ہیں کہ دین اسلام ایک نظام حکومت کے طور پر پورے کرہ عرض پر نافذ ہوکر رہے گا۔ انبیائے کرام ؑ کے مشن کے تکمیل کار حضرت حجتہ ابن الحسنؑ کی قیادت میں جو انقلاب روئے زمین پر برپا ہوگا اس سے ظلم و باطل کا مکمل خاتمہ اور حق و عدالت کا مکمل نفاذ عمل میں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیائے انسانیت ظلم و ناانصافیوں کی چکی میں نہایت بے رحمی کے ساتھ پسی جارہی ہے ۔ دنیا کی مظلوم قومیں کسی نجات دہندہ کی منتظر ہیں تاہم ابھی دنیائے بشریت انقلاب مہدی ؑ کیلئے شعوری اور فکری طور پر آمادہ نہیں یہ علمائے دین اور اسلامی دانشور و مفکرین کی ذمہ داری ہے کہ وہ دنیائے بشریت بالخصوص امت مسلمہ کا تصور مہدویت کے حوالے سے فکروشعور بیدار کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲