11 مئی 2016 - 18:17
جرمنی کے نائب وزیر خارجہ کی تہران میں اپنے ہم منصب سے ملاقات

جرمنی کے نائب وزیر خارجہ مارکوس ایڈیرر نے تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران اور جرمنی کے نائب وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات میں علاقے کی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اس موقع پر شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے اور دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ حسین امیر عبداللہیان نے دہشت گردوں اور دوسرے مسلح گروہوں کو شام کی بدامنی اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کا ذمہ دار قرار دیا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے یمنی عوام کے خلاف جارحیت بند اور اس ملک کا محاصرہ ختم کیے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یمن کے بارے میں جاری کویت مذاکرات میں شریک تمام فریق مثبت سوچ اپنائیں گے۔ جرمنی کے نائب وزیر خارجہ مارکوس ایڈیرر نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک سمجھتا ہے کہ بحران شام کو سیاسی طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے۔ یمن کا ذکر کرتے ہوئے جرمنی کے نائب وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ تمام فریق یمن کی مشکلات کو سیاسی طریقے سے حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ایران اور جرمنی کے نائب وزرائے خارجہ نے عراق اور خلیج فارس کی صورتحال اور تبدیلیوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲