اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں جرمنی کے نائب وزیر خارجہ مارکوس ایڈیرر سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی ، اقتصادی اور پارلیمانی سطح پر صلاح و مشورے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے ایران اور جرمنی کے درمیان اقتصادی تجارتی اور سرمایہ کاری کے میدان میں بڑھتے ہوئے تعلقات میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کی ضرور ت پر بھی زور دیا۔ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے جرمنی کو علاقائی اور عالمی کردار کا حامل ایک اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیگر یورپی ملکوں کے برخلاف علاقے کے حقائق کے بارے میں جرمنی کا رویہ مثبت دکھائی دیتا ہے۔ جرمنی کے نائب وزیر خارجہ مارکوس ایڈیرر نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمنی اور ایران علاقائی اور عالمی معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کرسکتے ہیں۔ مارکوس ایڈیرر نے مزید کہا کہ جرمنی ایران میں مختلف اقتصادی منصوبے میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
.......
/169