4 مئی 2016 - 17:27
عراقی وزیراعظم: داعش کےزیرقبضہ علاقوں کی آزادی سے ملک میں امن و استحکام برقرار ہوجائے گا

عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے کہا ہے کہ داعش کےزیرقبضہ علاقوں کی آزادی سے ملک میں امن و استحکام پوری طرح برقرار ہوجائے گا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے بغداد میں فوج اور سیکورٹی فورس کے کمانڈروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حساس مرحلے میں عراق کے سبھی گروہوں اور جماعتوں کے درمیان اتحاد ویکجہتی بہت ہی ضروری ہے- عراقی وزیراعظم نے فوج اور سیکورٹی فورس کے کمانڈروں کےاجلاس میں فلوجہ شہر اور شمالی شہر موصل کی آزادی کے منصوبوں کے حوالے سے، عراقی فوج اور سیکورٹی فورس کی آمادگی پر بھی صلاح ومشورے انجام دیئے-

اس درمیان عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے بدرتنظیم کے سربراہ ہادی العامری سے ملاقات میں ملک میں جاری سیاسی بحران اوراس کے نتائج کے بارے میں بات چیت کی- سلیم الجبوری اور ہادی العامری نے عراق کے سیاسی عمل کی حمایت اور عوامی مطالبات کی تکمیل کے لئے باہمی تعاون کے طریقوں پربھی غور کیا -

دریں اثنا عراق کے مغربی صوبے الانبار کی سیکورٹی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فوج نے بدھ کو فلوجہ میں اپنی پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس شہر کے چارعلاقوں کو داعش کےقبضے سے آزاد کرالیا - عراقی فضائیہ کے طیاروں نے بھی الرمادی کے شمال میں داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے کم سے کم بیس دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جن میں ان کے کئی کمانڈر بھی شامل ہیں-

ادھرعراق کے شمالی شہر کرکوک کے مضافات میں تیل کے دوکنوؤں میں دھماکوں کی خبریں سامنے آئی ہیں - جس مقام پر تیل کے کنوؤں میں دھماکے ہوئے ہیں وہ داعش کے زیرکنٹرول علاقے ہیں اوریوں عارضی طورپر تیل کی سپلائی رک گئی ہے-

دوسری جانب عراقی فوج نے بیجی کے شمال میں داعش کے ایک بڑے حملے کو پسپا کردیاہے جس کے نتیجے میں کم سے کم ساٹھ دہشت گرد ہلاک ہوگئے- اس کارروائی میں دہشت گردوں کے بھاری مقدارمیں ہتھیار اورگولہ بارود ضبط کرلئےگئے-

اس درمیان یہ بھی خبرہے کہ دہشت گردوں نے بغداد کے مغربی علاقے المنصور میں عراقی وزارت دفاع کے ایک مشیرغالب عبیدخلف البہادلی کو گولی مارکر جاں بحق کردیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169