3 مئی 2016 - 17:36
امام موسیٰ کاظم ؑ کے یوم شہادت پر بڈگام میں دسیوں ہزار عقیدت مندوں کا اجتماع

عقیدت مندوں کے بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے امام عالیمقام کے سیرت و کردار کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ سلسلہ امامت کی ساتویں کڑی حضرت امام موسیٰ ابن جعفرؑ کے یوم شہادت کے موقع پر جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں حسب عمل قدیم مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے دسیوں ہزار عقیدت مندوں نے مجلس عزا میں شرکت کی۔ عقیدت مندوں کے بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے امام عالیمقام کے سیرت و کردار کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی سربلندی اور ملت اسلامیہ کے عزت و وقار اور شریعت اسلامی کی بالادستی کیلئے وقت کے حکمرانوں کے خلاف امام موسیٰ کاظمؑ کی علمی و فکری مزاحمت اسلامی تاریخ کا ایک درخشندہ باب ہے۔ امام عالیمقام نے اسلام کے آفاقی مشن اور انسانیت ساز پیغام کو ملوکیت کی شرانگیزیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے تن تنہا حکومت وقت سے ٹکر لی۔ حکمران علمی ، اخلاقی اور فکری سطح پر امام ؑ کو زیر نہ کرسکے اور امام کو جرم بے گناہی میں پابند سلاسل بنادیا گیا۔جب 17 سال کی اسیری کے دوران بھی امام کے پایہ استقلال میں لغزش نہ آسکی تو حالت اسیری میں ہی امام ؑ کو درجہ شہادت پر پہنچایا گیا۔آغا صاحب نے کہا کہ عصر حاضر میں جب اکثر مسلمان ممالک کی حکومتیں قرآن و سنت کو بالائے طاق رکھ کر اپنے مسلمان عوام پر دشمن قوتوں کے نظریات ، قوانین اور تہذیب و ثقافت نافذ کرکے مسلمانوں کے دینی تشخص کو ناقابل تلافی نقصان پہنچارہے ہیں۔ امام ؑ کی عظیم شہادت ملت اسلامیہ کیلئے مشعل راہ ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲