اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق گیلان میں نمایندہ ولی فقیہ اور رشت میں امام جمعہ جناب آیت اللہ زین العابدین قربانی نے اپنے گھر میں صوبے کے ممتاز اساتذہ کے ساتھ ہونے والی ایک ملاقات میں شہدائے انقلاب اسلامی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ شہداء صالح استادوں اور اچھے خاندانوں کے پروردہ ہیں۔ ایک اچھا استاد ہی ایسے افراد کی تربیت کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید مطہری ایک عظیم استاد تھے جن کے نام سے ہفتہ معلم منسوب ہے۔ امام خمینی (رح) انہیں اپنے جسم کا حصہ کہتے اور ان کے بارے میں فرماتے تھے کہ مطہری کی تمام کتابیں معاشرے کے لیے مفید ہیں۔
آیت اللہ قربانی نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اور آپ کا اعزاز اس چیز میں ہے کہ آیت اللہ شہید مطہری (رح) جیسے استادوں کو اپنا نمونہ عمل بنائیں اور ان کی زندگی سے سبق حاصل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو قوم بھی روحانی، معنوی، اخلاقی اور اعتقادی حوالے سے بلند مقامات تک پہنچنا چاہتی ہے وہ سب سے پہلے اچھی فکر کے اساتذہ کی محتاج ہے۔ ایک اچھا استاد ہی معاشرے کو بلند مقام تک پہنچا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا علم آئندہ نسلوں کے لیے سرمایہ حیات ہے۔ والدین بچے کی جسمانی ضرورت پوری کرتے ہیں جبکہ اساتذہ اس کو روحانی اور معنوی غذا مہیا کرتے ہیں۔
.....
/169