25 اپریل 2016 - 11:33
ایران اور یوروگوئے کے نائب صدور کی باہمی روابط کے فروغ پر تاکید

ایران اور یوروگوئے کے نائب صدور نے باہمی اقتصادی اور تجارتی روابط کے فروغ پر تاکید کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے پیر کو تہران میں یوروگوئے کے نائب صدر راؤل سندیک کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران جنوبی امریکا کے ملکوں بالخصوص یوروگوئے کے ساتھ روابط اورتعاون کے فروغ میں کسی محدودیت کا قائل نہیں ہے۔

انھوں نے اس پریس کانفرس میں یوروگوئے کے ساتھ ایران کے روابط میں فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کمیشنوں کی تشکیل میں تیزی لانے اور خاص طور پر مویشیوں کی صحت اور بینکاری نیز مالیاتی مسائل سے متعلق سمجھوتوں کو جلد از جلد آخری شکل دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

نائب صدر اسحاق جہانگیری نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یوروگوئے کی تیل کی ضرورت ایران پوری کیا کرتا تھا لیکن پابندیوں کی وجہ سے یہ سلسلہ منقطع ہو گیا تھا، کہا کہ ایران تیل، پیٹروکیمیکل، غلہ جات کی فراہمی نیز سائنس اور کھیل کود نیز ثقافتی شعبوں میں یوروگوئے کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

یوروگوئے کے نائب صدر راؤل سندیک نے بھی اس پریس کانفرنس میں ایران اور یوروگوئے کے درمیان وسیع روابط کی پینتیس سالہ تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس دورے کا مقصد باہمی روابط میں مزید توسیع اور استحکام لانا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲