اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس خبرگان رہبری کے سربراہ آیت اللہ محمد یزدی نے قم میں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی حکومت کی تشکیل اور ولایت فقیہ کی حاکمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ولایت فقیہ کا موضوع ان مسائل میں سے ہے جس پر تمام فقہا اتفاق نظر رکھتے ہیں۔
آیت اللہ یزدی نے اس بات کو بیان کرتے ہوئے کہ اسلام کے زیادہ تر احکام سماجی اور سیاسی موضوعات پر مبنی ہیں کہا: اسلام کے تمام دستورات عبادت الہی سے متعلق نہیں ہیں بلکہ قرآن کریم میں زیادہ تر وہ دستورات بیان ہوئے ہیں جن کا تعلق سیاست اور انسانی سماج سے ہے جن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے خود پیغمبر اکرم کو بھی اسلامی نظام حکومت کا قیام عمل میں لانا پڑا۔
امامت رسالت کی مکمل کرنے والی ہے
انہوں نے اس بات کو بیان کرتے ہوئے کہ اللہ کے علاوہ کسی کو انسانوں پر حاکمیت کا حق حاصل نہیں ہے مگر جن افراد کو وہ خود منتخب کرے، کہا: پیغمبر اکرم نے اپنی رسالت کے بعد قرآن کریم کے حکم کے مطابق امامت اور ولایت کے ذریعے اس سلسلے کو آگے بڑھایا اور اگر امامت نہ ہوتی تو رسالت ناقص رہ جاتی۔
مجلس خبرگان رہبری کے سربراہ نے امامت کے دائرہ کو رسالت سے وسیع تر قرار دیتے ہوئے کہا کہ امامت کا دائرہ نامحدود ہے اسی وجہ سے آپ(ص) نے غدیر خم میں حضرت علی علیہ السلام کو ولی امر اور حاکم مسلمین منصوب کیا لہذا جو ولی امر ہوتا ہے وہی سماج میں اللہ کی جانب سے حاکم ہوتا ہے اور اس کی مخالفت جائز نہیں ہوتی۔
آیت اللہ یزدی نے مزید بیان کیا: امام زمانہ(ع) کی غیبت کبریٰ میں اسلامی سماج کی بھاگ ڈور آپ کے نواب عام کے ذمہ ہے جو فقہا ہیں۔
اسلام میں حاکمیت کے اندر تعدد نہیں پایا جاتا
جامعہ مدرسین کی اعلی کونسل کے سربراہ نے مزید کہا: فقہاء سماج میں شرعی حاکم کی حیثیت رکھتے ہیں اور اسلام ایک سماج میں متعدد افراد کی حاکمیت کا قائل نہیں ہے صرف ایک فقیہ ایک وقت میں حاکمیت سنبھال سکتا ہے وہ فقیہ جسے دیگر فقہا نے منتخب کیا ہو۔
رہبر معظم تمام فقہی مسائل میں مکمل تسلط رکھتے ہیں
آیت اللہ یزدی نے رہبر انقلاب اسلامی کی فقہی مسائل میں اعلمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اعلم وہ نہیں ہے جو صرف صلاۃ و صوم کے ابواب میں مہارت رکھتا ہو بلکہ اعلم وہ ہے جو ان تمام مسائل میں مہارت رکھتا ہو جو لوگوں کی ضرورت ہے جو وقت کی ضرورت ہے ولی فقیہ کو تمام موارد میں اعلم ہونا چاہیے تاکہ وہ اسلامی سماج کا حاکم بن سکے۔
امام کا حقیقی ناصر کون ہے؟
انہوں نے حوزہ علمیہ قم کے طلاب سے مخاطب ہو کر کہا کہ دینی طلاب کی شان یہ ہے کہ وہ دنیا پرستی سے دور رہیں انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کا طلاب کے نام ایک پیغام بیان کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ سیستانی نے کہا ہے’’ دنیا نے تمہاری طرف رخ کر لیا ہے لیکن تمہیں دنیا کی طرف رخ نہیں کرنا چاہیے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا: اگر آج تمہارے پاس کوئی آئے اور آپ کو کہا جائے کہ یہ امام کا ناصر آیا ہے تو آپ دھوکا نہ کھائیں، امام کا حقیقی ناصر وہ ہے جو آج شام میں حرم اہل بیت(ع) کا دفاع کرے اور جو اپنے تمام وجود سے اسلامی سماج کی حفاظت کرے اور وہ صرف ایک شخص ہے اس کے علاوہ کوئی نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲