15 اپریل 2016 - 13:47
جنرل پوردستان: ایران میں دراندازی میں تکفیری دہشت گردوں کی ناکامی

اسلامی جہموریہ ایران کی مسلح افواج نے تکفیری دہشت گردوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد رضا پور دستان نے تہران کی نماز جمعہ کے اجتماع میں خطبوں سے پہلے اپنے خطاب میں بتایا ہے کہ خطے میں تکفیری دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر ایران کے سیکورٹی اداروں کی پوری نظر ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ ایران میں دراندازی میں تکفیری دہشت گردوں کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایران میں دراندازی کے لئے تکفیری دہشت گردوں کی ہر کوشش کو سرحدوں کے اس پار ہی کچل دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج اور سیکورٹی دستے پوری طرح چوکنا ہیں اور تکفیری دہشت گرد ایران میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ مغرب والے جب عراق اور افغانستان کی طرح ایران پر جارحیت نہ کرسکے تو انھوں نے دہشت گرد گروہوں کا سہارا لیا اور ان کے ذریعے ایران کے خلاف نیابتی جنگ شروع کی لیکن ایران کی سرحدوں تک پہنچنے سے پہلے ہی ان خطرات کا سدباب کردیا جاتا ہے۔

ایران کی زمینی فوج کے سربراہ نے کہا کہ دشمن کی ہر زمینی ، فضائی اور سمندری نقل و حرکت پر ہماری نظر ہے اورہم انٹلیجنس کے ماہرین کے ذریعے دشمن کی نقل و حرکت کا تحلیل و تجزیہ کرکے مناسب دفاعی حکمت عملی تیار کرتے ہیں۔

.....

/169