اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ طوفانی بارشوں کی وجہ سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید مالی نقصان کے علاوہ تاہم ۷۰ ستر افراد جانبحق ہونے کی اطلاع ہے۔ سب سے زیادہ نقصان صوبہ خیبرپختونخواہ اور گلگیت بلتستان میں ہوا تازہ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخواہ میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری بارشوں کے دوران تاہم ۳۶ افراد کے جانبحق ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث ضلع شانگلہ میں متعدد گھروں کی چھتیں گر گئیں، چھتیں گرنے اور بارش کے دوران دیگر حادثات میں 6 افراد جانبحق اور 6 زخمی ہوئے۔ چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں گھر کی چھت زمیں بوس ہوگئی، حادثے میں 9 سالہ بچہ عبداللہ جانبحق ہوا، جبکہ ایک خاتون اور 11 سالہ شاہد زخمی ہوئے۔ چترال میں گرم چشمہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے ایک شخص ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوئے۔ سوات میں کبل کے علاقے کلاگے میں 2 خواتین سیلابی ریلے میں بہہ گئی، جن کی لاشیں نکال لی گئیں۔ خوازہ خیلہ میں بھی ایک شخص برساتی ریلے میں بہہ گیا جس کی لاش تلاش فوری طور پر شروع نہیں کی جا سکی۔ شانگلہ میں طوفانی بارشوں کے بعد غور بند میں 30 گھروں پر مشتمل گاؤں سیلاب میں مکمل طور پر ڈوب گیا، غوربند اور کاڑنا میں 2 رابطہ پل بھی دریا میں بہہ گئے، پورے ضلع میں مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا۔ برساتی نالوں میں طغیانی اور مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بند ہو گئی۔ متاثرہ علاقے میں انتظامیہ فوری طور پر نہیں پہنچ سکی، جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیاں شروع کی ہوئی ہیں۔








