اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران پہنچنے پر ایران کے وزیر صنعت و تجارت محمد رضا نعمت زادہ نے ایئرپورٹ پر ان کا خیرمقدم کیا۔ صدر حسن روحانی پیر کے روز سعدآباد کے صدارتی کمپلیکس میں صدر ترونگ تان سنگ کا باضابطہ استقبال کریں گے۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔
ویتنام کے صدر ترونگ تان سنگ صدر حسن روحانی سے ملاقات کے علاوہ دیگر اعلی ایرانی حکام سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، خاص طور پر اقتصادی تعاون، بینکاری لین دین اور تیل و گیس کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
صدر ترونگ سان سنگ نے اپنے دورہ تہران کے آغاز پر دارالحکومت ہنوئی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدہ عالمی امن و استحکام کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے ویتنام اور ایران کے تعلقات میں نیا باب کھل گیا ہے۔
صدر ترونگ تان سینگ نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ، تیل و گیس، زراعت ، سیاحت ۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور ویتنام کے درمیان اقتصادی لین کا حجم سن دو ہزار دس میں اسی ملین ڈالر تھا جو سن دو ہزار تیرہ میں بڑھ کر تین سو ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169