14 مارچ 2016 - 09:50
شام میں انتخابات اقوام متحدہ کی نگرانی میں کرائے جائیں

شام کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے کہا ہے کہ شام میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے ضروری ہے کہ انتخابات اقوام متحدہ کی نگرانی میں کرائے جائیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسٹفین ڈی میستورا نے شام کے بحران کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنیوا میں جو نئے دور کے مذاکرات ہونے والے ہیں، وہ پہلے والے دورسے مختلف ہوں گے- انہوں نے شام سے متعلق میونخ میں رابطہ گروپ کے مذاکرات کے نتائج کو سب سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مذاکرات میں اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ شام میں محصور علاقوں کے باشندوں کے لئے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور جنگ روک دی جائے-

اسٹیفن ڈی میستورا نے شام میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بارے میں کہا کہ تمام تر واقعات کے باجود جنگ بندی باقی ہے اور اس سلسلے میں پیشرفت کا دارومدار روس اور امریکا کے کوآرڈینیشن مرکز پر ہے جو اقوام متحدہ کی نگرانی میں کام کر رہا ہے- انہوں نے ایک بار پھر شام میں آئندہ اٹھارہ مہینے کے دوران انتخابات کرانے کی اپنی بات دہرائی اور کہا کہ جنیوا مذاکرات کے بعد سے ہی شام میں انتخابات کے لئے الٹی گنتی شروع ہو جائے گی-

اسٹیفن ڈی میستورا نے اپنا یہ بیان ایک ایسے وقت دہرایا ہے جب ہفتے کو شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے دوٹوک لفظوں میں کہا تھا کہ شام کے صدر کا موضوع شامی حکومت کی ریڈ لائن ہے اور اسٹیفن ڈی میستورا یا کسی بھی دوسرے شخص کو شام کے انتخابات کے بارے میں کچھ بولنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

......

/169