12 مارچ 2016 - 19:53
شامی وزیر خارجہ:شامی حکومت جنیوا مذاکرات کے لئے نہ تو کوئی شرط رکھے گی اور نہ ہی دیگر گروہوں کی کوئی شرط قبول کرے گی

شام کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ جنیوا مذاکرات کے لئے نہ تو کوئی شرط رکھے گی اور نہ ہی دیگر گروہوں کی کوئی شرط قبول کرے گی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیر خارجہ ولید معلم نے دمشق میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جنیوا مذاکرات میں کسی بھی طرح کی کوئی شرط قبول نہیں کریں گے- انہوں نے کہا کہ شامی حکومت کا وفد اتوار کو جنیوا روانہ ہو جائے گا- شامی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم جنیوا میں چوبیس گھنٹے قیام کریں گے اور اگر مخالف گروہوں میں سے کوئی وہاں نہ پہنچا تو ہمارا وفد دمشق واپس لوٹ آئے گا-

شام کے وزیرخارجہ نے زور دے کر کہا کہ صدر کے عہدے کا معاملہ شامی حکومت کی ریڈ لائن ہے اور جنیوا جانے والا شامی حکومت کا وفد عہدۂ صدارت کے بارے میں کسی سے کوئی بات نہیں کرے گا- انہوں نے کہا کہ شام کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسٹیفن ڈی میستورا کو شام کے آئندہ صدارتی انتخابات کے بارے میں بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے-

واضح رہے کہ اسٹیفن ڈی میستورا نے جمعے کو کہا تھا کہ مذاکرات کے آغاز کے اٹھارہ مہینے کے اندر شام میں صدارتی الیکشن ہو گا- شام کے وزیر خارجہ نے اسٹیفن ڈی میستورا کے اس بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شام کے آئندہ صدارتی انتخابات کے بارے میں ڈی میستورا یا کسی بھی دوسرے شخص کو کچھ بولنے کا حق نہیں ہے- شام سے متعلق گذشتہ جنیوا مذاکرات شامی حکومت کے مخالفین کی اعلی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے مذاکرات میں شرکت سے انکار کی وجہ سے ناکام ہو گئے تھے-

.......

/169