2 مارچ 2016 - 10:07
ترکی شام میں بھیجی جانے والی امداد کی آڑ میں ہتھیار بھیجتا ہے: روس

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے مطالبہ کیا ہے کہ شام میں سرگرم دہشت گردوں کے لیے ترکی سے ہتھیاروں کی اسمگلنگ روکی جائے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روسی ٹی وی چینل رن ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سرگئی لاوروف نے منگل کے روز جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں کہا کہ ترکی شام میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کی براہ راست مدد و حمایت کر رہا ہے اور اس کے اقدامات نے شام کے امن منصوبے کو کہ جس پر چند روز پہلے عمل درآمد شروع ہوا ہے، خطرے میں ڈال دیا ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں اصلی ہدف و مقصد شام میں سرگرم دہشت گردوں کو باہر سے اسلحے کی فراہمی کو روکنا ہے اور اس کے لیے ترکی اور شام کی سرحد کو بند کرنا ہو گا کہ جہاں سے دہشت گردوں کو اسمگلنگ کے ذریعے ہتھیار فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان میں سے کچھ ہتھیار ترکی انسان ہمدردی کی بنیاد پر شام بھیجی جانے والی امداد کی آڑ میں ارسال کرتا ہے۔

روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی ان صحافیوں اور نامہ نگاروں کے خلاف کارروائی کر کے انھیں جیل میں ڈال رہا ہے کہ جو دہشت گردوں کو ہتھیاروں کی فراہمی کا پردہ چاک کرتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲