28 فروری 2016 - 17:30
سعودی وزیر خارجہ اور انٹیلی جینس چیف اسرائیل کے دورے پر

روسی ذرائع ابلاغ نے سعودی وزیر خارجہ اور انٹیلی جینس چیف کے خفیہ دورہ اسرائیل کا انکشاف کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اور انٹیلی جینس چیف خالد الحمیدان نے حال ہی میں اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ اور انٹیلی جینس چیف نے اپنے خفیہ دورہ تل ابیب کے دوران صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو اور موساد کے سرغنہ یوسی کوہن کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی اور اسرائیلی حکام کے درمیان اس ملاقات میں شام اور لبنان کے خلاف انتہائی خطرناک آپریشن پر عمل درآمد کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔ روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زمینی جنگ کی صورت میں جنوبی شام میں براہ راست فوجی مداخلت کرے۔ اسی حوالے سے برطانوی اخبار فائنانشل ٹائمز نے گزشتہ ہفتے کی اشاعت میں لکھا تھا کہ سعودی عرب جنوبی شام میں ترکی کے تعاون سے زمینی فوجی آپریشن شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ دوسری جانب فرانسیسی صحافی تھوماس کیٹالوپ نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ دمشق اور اس کے اتحادیوں نے بھی، سعودی عرب اور ترکی کی ممکنہ فوجی مداخلت کی صورت میں اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے اور اگر ایسا ہوا تو نہ صرف ریاض اور انقرہ بلکہ تل ابیب کو اپنی چولین ہلتی محسوس ہوں گی۔

.......

/169