23 فروری 2016 - 07:06
کشمیر میں ایام فاطمیہؑ کی مناسبت سے مجالس عزا منعقد

انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمة الزہرا (س) کے سیرت و کردار کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔ آغا سید حسن نے کہا کہ جناب زہرا ؑ صرف رسول اسلام کی صاحبزادی ہونے کے ناطے ہمارے لئے معزز و محترم نہیں بلکہ آپؑ نبی آخر زمان کی رسالت اور توحیدی تحریک کا ایک حصہ ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایام حضرت فاطمیہؑ کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان، اتحاد المسلمین کشمیر اور پیروان ولایت کشمیر کے اہتمام سے وادی کے اطراف و اکناف میں خصوصی مجالس عزاء منعقد کی گئیں۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام اور امام باڑہ نوگام سمبل میں اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں عقیدت مندوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمة الزہرا (س) کے سیرت و کردار کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔ آغا سید حسن نے کہا کہ جناب زہرا ؑ صرف رسول اسلام کی صاحبزادی ہونے کے ناطے ہمارے لئے معزز و محترم نہیں بلکہ آپؑ نبی آخر زمان کی رسالت اور توحیدی تحریک کا ایک حصہ ہیں۔

آغا سید حسن نے سماجی بدعات اور رسومات کو معاشرے کا سب سے بڑا ناسور قرار دیتے ہوئے کہا کہ جناب زہراؑ کی سیرت اصلاحِ معاشرہ کا سب سے موثر لائحہ عمل ہے۔ اس موقعہ پر آغا حسن نے پانپور میں حریت پسند عساکر اور فورسز کے درمیان معرکہ آرائی کے بیچ و بیچ اہلیان پانپور کی طرف سے رواں تحریک اور شہداء کے مشن کے ساتھ تجدید وفا کے شاندار مظاہرے کو خراج تحسین پیش کیا۔ ادھر دیور پٹن میں منعقد مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے سربراہ مولانا محمد عباس انصاری نے حضرت فاطمۃ الزہراؑ کی مقدس حیات طیبہ کے ہر پہلو کو خواتین عالم کے لئے باعث رہنمائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عظیم خاتون نے اپنی پوری زندگی سردار انبیاء حضرت محمد مصطفی (ص) کے دوش بدوش رہ کر اسلام کے آفاقی نظام زندگی کو جو عملی تفسیر عطا کی، وہ اسلام کی عظمت کا ایک تاریخ ساز اور درخشاں باب ہے۔

انہوں نے حضرت خاتون جنت ؑ کی مقدس سیرت کے مختلف پہلوﺅں پر تفصیل سے روشنی دالتے ہوئے کہا کہ آج جو ہمارے سماج میں غیر اسلامی رسومات بد، بے راہ روی اور دین مخالف رحجانات دیکھنے میں آرہے ہیں اور اولیاء کرام کی اس سرزمین پر رہنے والے لوگوں کی پوری سماجی زندگی افراط و تفریط کی شکار ہے اس کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ اسلام کے ماننے والوں نے عملاً اسلامی طرز زندگی سے فرار اختیار کر لیا ہے۔ اس دوران پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے کہا کہ حضرت فاطمہ الزہرا ؑ دختر رسول (ص)، حضرت علی (ع) کی زوجہ اطہر اور ام الحسن و حسین علیہما سلام ہونے کے علاوہ خود ایک الٰہی و نورانی شخصیت ہیں۔ مولانا شبیر قمی نے کہا کہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی پاک سیرت واضح ہے جو تمام امت اسلامیہ بالخصوص ہماری خواتین کے لئے ایک نمونہ عمل ہے۔

.......

/169