اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ طلبہ کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے جہاں بچوں کی کاونسلنگ کی ضرورت ہوتی ہے وہیں آج کے معاشرہ میں والدین کی کاونسلنگ کی بھی ضرورت ہے تاکہ ماں باپ بچوں کی منشا ء اور انکے مستقبل کے ارادوں کوبہتر ڈھنگ سے سمجھ سکیں اور انکوپورا کرنے میں مدد کریں ۔ان خیالات کااظہارمقررین نے آل انڈیا شیعہ کونسل کے زیر اہتمام درگاہ پنجہ شریف میں نوجوانوں کے کیرئیر پلاننگ کے لئے منعقدہ ورکشاپ بعنوان تعلیم ہی کامیابی کا راستہ ہے میں کیا ۔
اس موقع پردہلی آئی آئی ٹی کے پروفیسر ایس ایم اشتیاق نے کہا کہ عام طور پر طلبہ بڑے کورسیز کے متمنی رہتے ہیں جبکہ چھوٹے کورسز میں روزگار کے بہت ذرائع موجود ہوتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ طلبہ میں اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لئے خوداعتمادی ہونا ضروری ہے ،انہوں طلبہ کے سامنے بہت سی مثالیں پیش کیں جو طلبہ کے مستقبل کے لئے مفید تھیں ۔ یمنا ایکسپریس وے آتھارٹی کے جنرل مینیجر اشجع رضا زیدی نے کہا خواتین کی تعلیم بیحد ضروری ہے ایک تعلیم یافتہ خاتون پورے خاندان کی تربیت کر سکتی ہے۔سول سروسز کی تیاری کے لئے انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بیحد محنت کی ضرورت ہوتی ہے ۔اپنا ہدف معین کرکے اسکے حصول کے لئے محنت کرنا چاہئے علم حاصل کرنے کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی ہے۔آشاکیئر این جی او کے عامر رضوی نے نوجوانوں اور طلبہ کو بہت سے موضوعات میں کیرئر بنانے اور کامیابی حاسل کرنے کے راستے بتائے اور انھوں نے کہا کہ ہم نے بہت سے شہروں اور ملک کے مختلف علاقوں میں پروگرام کئے ہیںجہاں غربت ایک وجہ ہے وہیں صحیح مشاورت اور رہنمائی نہ ہو پانا بھی طلبہ کوآگے بڑھنے سے روک رہاہے۔مرکزی حکومت میں شعبہ صحت میں رہے ڈاکٹر اسد رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل لائن میں جہاں ایم بی بی ایس ،بی یو ایم ایس ،بی آئی ایم ایس جیسے کورسز ہیں جنکی طرف طلبہ کی رغبت بہت زیادہ ہوتی ہے جبکہ انکے حصول میں دشواریاں بھی آتی ہیں مگر نوجوانوں کہ میڈیکل میں بہت سے ایسے کورسز اور ڈپلوما ہیں جن میں بیحد روزگار کے مواقع موجود ہیںاور انکوکرنے کیلئے دسویں اور بارہویں کلاس ہی کافی ہوتی ہے ۔اس موقع پر کونسل کے صدر مولانا جلال حیدر نقوی نے کہا کہ شیعہ کونسل نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لئے کوشاں ہے اور آنے والے دنوں میں طلبہ کے لئے ایسے بہت سے پروگرام منعقد کئے جائیں گے جس سے نیا تعلیمی سال شروع ہونے سے قبل طلبہ کی رہنمائی کی جا سکے اور وہ بہتر راستہ چن کر اپنے مقاصد کو حاصل کر سکیں ۔پروگرام کے آغاز میںکونسل کے سکریٹری مولانا مرزا عمران علی نے خیر مقدمی کلمات کہے انہوں نے علم کی ضرورت اور دین کی معرفت حاصل کرنے اور دین و مذہب کے ساتھ دنیاوی علوم کے حصول پر زور دیا۔پروگرام میں ذاکر حسین کالج ،جامعہ ملیہ اسلامیہ ،دہلی یونیورسٹی ،جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے علاوہ کثیر تعداد میں مختلف اسکولوں اور کالجزکے طلبہ شریک ہوئے۔پروگرام کا آغاز مولانا رشید اصغرنے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ آخر میں مولانا اظہر عباس نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲