اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر کے ترجمان ویلیم اسپینڈلر نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم ترکی سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ ان شامی پناہ گزینوں کے لئے اپنی سرحدیں کھول دے جو حلب سے اپنی جان بچا کر ترکی کی سرحدوں پر پہنچ گئے ہیں۔ یو این ایچ سی آر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان پناہ گزینوں کو اس وقت بین الاقوامی حمایت اور مدد کی ضرورت ہے۔ اس سے پہلے یورپی یونین نے بھی ترکی سے کہا تھا کہ وہ اپنی سرحدیں ہزاروں شامی پناہ گزینوں کے لئے کھول دے۔ ترکی کے سرحدی علاقے اونچوپینار میں شامی پناہ گزینوں کی تعداد میں ہر لمحے اضافہ ہوتا جا رہا ہے لیکن ترکی نے ابھی تک اپنی سرحدیں ان پناہ گزینوں کے لئے نہیں کھولی ہیں۔ شام میں سعودی عرب، قطر، ترکی، امریکا اور بعض مغربی ملکوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ذریعے پیدا کئے گئے بحران کے سبب اس ملک کے لاکھوں شہری جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ کی تعداد میں لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر ہمسایہ ملکوں اور یورپ کی جانب پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اس سے پہلے ترکی میں بھی شامی پناہ گزینوں کی ایک بڑی تعداد پناہ لے چکی ہے لیکن ترکی اب مزید پناہ گزینوں کو اپنے یہاں قبول کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169