6 فروری 2016 - 13:41
علاقے میں اسلامی مزاحمت کے محاذ کے خلاف سارے اقدامات ناکام ہو چکے ہیں

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل محمد علی جعفری نے کہاہے کہ علاقے میں اسلامی مزاحمت کے محاذ کے خلاف سارے اقدامات ناکام ہو چکے ہیں -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے ہفتے کو تہران میں ایک پروگرام میں تقریر کے دوران کہا کہ دشمنوں کی سازشوں کے باوجود اسلامی انقلاب روز بروز ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے - سپاہ پاسداران کے کمانڈر جنرل جعفری نے کہا کہ جب تسلط پسندانہ نظام سرحدوں پر دھونس و دھمکی کے ذریعے اسلامی مزاحمتی محاذ کو نقصان نہیں پہنچا سکا تو اس نے لبنان ، فلسطین ، شام اور عراق جیسے ملکوں میں جنگ کی آگ بھڑکا دی - انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ تسلط پسندانہ نظام یہ بات سمجھ چکا ہے کہ اسلامی مزاحمت کے خلاف کوئی بھی حربہ کامیاب نہیں ہوسکتا ہے کہا کہ آٹھ سالہ مقدس دفاع ایک عظیم الہی کارنامہ تھا انہوں نے کہا کہ اس عظیم کارنامے کی آج بھی علاقے اور دنیا کے مختلف علاقوں میں تکرار ہو رہی ہے - سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ ایران میں پایا جانے والا غیر معمولی استحکام اور بے مثال سلامتی شہیدوں کے خون کی مرہون منت ہے - ان کا کہنا تھا کہ ایران نے اب تک بہت سے خطرات کا مقابلہ کیا ہے اور ان تمام خطروں اور یلغاروں کے مقابلے میں جو چیز ہمیشہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوتی رہی ہے وہ مسلح افواج اور خاص طور پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ہمہ وقت آمادگی ہے۔

۔۔۔۔۔

/169