6 فروری 2016 - 07:34
پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال جاری: فلائٹ آپریشن پانچویں روز بھی بند

کراچی.....پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کے باعث فلائٹ آپریشن پانچویں روز بھی بند ہے ،معاملات جوں کے توں ہیں ،ائرپورٹس پر احتجاج دیکھنے میں آرہا ہے ، مسافروں کی پریشانی اور ایپرن پر کھڑے طیاروں کا آرام جاری ہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کے باعث فلائٹ آپریشن پانچویں روز بھی بند ہے ،معاملات جوں کے توں ہیں ،ائرپورٹس پر احتجاج دیکھنے میں آرہا ہے ، مسافروں کی پریشانی اور ایپرن پر کھڑے طیاروں کا آرام جاری ہے ۔

پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے اندرون اور بیرون ملک آنے اور جانیوالی تمام پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں ،پی آئی اے ملازمین کی مسلسل ہڑتال کے باعث پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

ہڑتال کے باعث پی آئی اے کے تمام دفاتر میں کام مکمل بند ہے،ٹکٹ کاؤنٹرز سمیت پی آئی اے کے تمام دفاتر میں اہلکار غائب ہیں۔ نجی ایئر لائن کی جانب سے ابھی تک پی آئی اے کےمسافروں کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں ۔

سیالکوٹ میں آج کویت سے آنے والی اور کراچی جانے والی پروازجبکہ سعودی عرب سے آنے والی اور اسلام آباد جانے والی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں ۔فیصل آباد میں بھی جدہ سے آنے والی اور کراچی جانے والی دو فلائٹ منسوخ ہوئی ہیں۔

سکھرمیں آج کی دو پروازیں منسوخ ہیں ۔ہڑتالی ملازمین دفاتر کے باہر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں ۔گلگت کی بھی ایک پرواز معطل ہے ۔ادھر اسکردو میں پانچ روز میں پانچ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں ۔

پی آئی اے کے کسی جہاز کے اڑان نہ بھرنے سےچار ہزارسےزائد پاکستانی سعودی عرب میں پھنس گئے۔پاکستانی قونصل جنرل کہتے ہیں 900 افراد کو پاکستان بھجوا دیا ۔آج مزید مسافر روانہ کئے جائیں گے

حکومت اور پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ملاقات بے سود رہی ۔ چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر کہتے ہیں مذاکرات پروازیں بحال ہونے کے بعد شروع ہوں گے۔ادھر چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہناہے کہ حکومت کی بات سن لی اس پر مشاورت کے بعد آج دوبارہ ملاقات کریں گے ۔حتمی نتیجےپرپہنچنےتک فلائٹ آپریشن معطل رہےگا۔

پائلٹس ڈیوٹی پر آنے کو تیار ہیں:

پالپا کے صدر عامر ہاشمی کا کہنا ہے کہ پائلٹس ڈیوٹی پر آنے کو تیار ہیں، پچاس فی صد پی آئی اے ملازمین بھی ساتھ دیں تو پروازیں بحال ہوسکتی ہیں ،دھمکی دینے والوں سے تحفظ دلایا جائے ، نجکاری کے خلاف احتجاج کا حصہ ہیں لیکن فلائٹ آپریشن بحال ہونا چاہئے۔

صدر پالپا عامر ہاشمی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں مظاہرے میں ہلاکتوں کے بعد آپریشن بند کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا،ہم چاہتے ہیں کہ فلائٹس آپریشن دوبارہ بحال ہو، مکمل آپریشن بند کرنا مناسب نہیں ہے، ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

صدر پالپا نے کہا کہنجکاری کے معاملے کو بات چیت سے حل کرنے کے حق میں ہیں ،پچاس فیصد سے کم ملازمین بھی راضی ہوجائیں تو فلائٹ آپریشن شرو ع کر سکتے ہیں۔پالپا چاہتی ہے نجکاری پر احتجاج کے بجائے فلائٹ آپریشن جاری رہے ۔

عامر ہاشمی نے مزید کہا کہ فلائٹ آپریشن بند کرنے کے پہلے حق میں تھے نہ اب ہیں ،احتجاج کے دوران ساتھیوں کی ہلاکت پر فلائٹ آپریشن بند کرنے کے سوا چارہ نہیں تھا۔ محمد زبیر بات چیت کیلیے مینڈیٹ لے کر آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں ۔دھمکیوں کی رکارڈڈ گفتگو ہے وڈیو بھی موجود ہے ،وزیراعظم کو اس بارے میں خط لکھ کر آگاہ کیا ہے ،کسی سیاسی پارٹی سےتعلق نہیں،ہم پروفیشنل لوگ ہیں۔
.......

/169