30 جنوری 2016 - 17:46
ایرانی بحریہ کی آبدوزوں نے اپنی اسٹریٹیجک طاقت کا مظاہرہ کیا

ایرانی بحریہ کی آبدوزوں اور تباہ کن بحری جہازوں نے جدید ترین میزائل اور تارپیڈو چلا کر اپنی اسٹریٹیجک طاقت اور تسلط کا مظاہرہ کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی غدیر اور طارق کلاس کی آبدوزوں نے ولایت دو ہزار سولہ فوجی مشقوں کے چوتھے روز سمندر میں تیرنے والے فرضی دشمن کے اہداف کا پتہ لگانے کے بعد انہیں ترقی یافتہ بنائے جانے والے تارپیڈو میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنا کر تہس نہس کر دیا۔ ایران کے جماران نامی تباہ کن بحری جہاز نے سطح سمندر پر حرکت کرنے والی گن بوٹس اور مشین گنوں سے لیس ہیلی کاپٹروں نے بھی پہلے سے طے شدہ اہداف کا ٹھیک ٹھیک نشانہ لے کر انہیں تباہ کر دیا۔

ولایت دو ہزار سولہ فوجی مشقوں کے دوران سمندر کی سطح سے سطح پر مارکرنے والے نصر میزائلوں کا تجربہ اور بحریہ کے غوطہ خوروں کو رسد کی فراہمی بھی ہفتے کے روز انجام پانے والی مشقوں میں شامل تھی۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی عظیم سالانہ مشقیں ولایت دو ہزار سولہ بدھ کے روز سے جنوب مشرقی ایران کے ساحلی علاقوں میں جاری ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲