اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علما کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ جب تک دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا اس وقت تک ملک میں قیام امن و استحکام کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں انسدادِ پولیو سنٹر کے قریب خود کش بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف بلند و بانگ دعوؤں کا سہارا لے کر عوام کو طفل تسلیاں نہ دی جائیں بلکہ عملی طور پر دہشتگردوں کا ملک سے قلع قمع کیا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ افسوس کہ ملک میں آج تک جتنے بھی سانحات رونما ہوئے قوم کو ان حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں علماء، ڈاکٹرز، انجینئرز، ججز، سیاستدان، بیوروکریٹس، وکلاء، صحافی، اقلیتی برادری سمیت سرکاری اہلکاروں کی جانیں بھی محفوظ نہیں۔ اس لئے ریاستی اداروں کو دہشتگردوں کے خلاف مزید سنجیدہ اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ، سیٹلائٹ ٹاون خود کش بم دھماکہ میں 14 افراد کی شہادت پر انکے لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کیلئے شفایابی کی دعاکی اور مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لاکر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169