اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیر خارجہ عدل بن احمد الجبیرنے وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران انہوں نے پاک سعودی عرب تعلقات، مشرق وسطیٰ اورایران سعودی عرب کشیدگی کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔
سعودی وزیرخارجہ عدل بن احمد الجبیر پاکستان کے ایک روزہ دورے پر نورخان ایئربیس پہنچے تو مشیر خواجہ سرتاج عزیز نے ان کا استقبال کیا، دفتر خارجہ میں ملاقات کے بعد سرتاج عزیز اور سعودی وزیر کی مشترکہ پریس کانفرنس منسوخ کر دی گئی۔ سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر ائربیس سے سیدھے جی ایچ کیو پہنچے جہاں انہوں نے آرمی جنرل راحیل شریف سے اہم ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راوالپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
سعودی وزیرخارجہ اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم نے ان سے گرم جوش مصافحہ اور معانقہ کیا۔ اعلیٰ سطح ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور سعودی وزیرخارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت پاک سعودی عرب تعلقات ملاقات میں پاک سعودی عرب تعلقات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کاکہناہےکہ سعودی عرب کی قیادت میں بننےو الے 34 ملکی اتحاد کے امور پر بھی غور کیا گیا، ملاقات میں سعودی، ایران کشیدگی کے تناظر میں بھی امور زیر غور آئے۔
سعودی وزیر خارجہ کو تین جنوری کو اسلام آباد آنا تھا۔ تاہم، سعودی عرب اور ایران کے تعلقات میں کشیدگی کے باعث ان کا یہ دورہ چار روز کے لیے ملتوی کردیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169