3 جنوری 2016 - 05:44
عراقی فوج کے ہاتھوں داعش کے دہشت گردوں کی گرفتاریاں

عراقی فوج نے مغربی عراق میں الرمادی کے مضافاتی علاقوں سے مزید متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق دہشتگرد مخالف خصوصی عراقی فوج کے کمانڈر سامی العارضی نے اعلان کیا ہے کہ الرمادی کے مضافاتی علاقوں سے مزید بارہ داعش دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہ دہشت گرد الرمادی سے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے گذشتہ ہفتے صوبے الانبار کے صدر مقام الرمادی کو داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا تھا جہاں سے ان دہشت گردوں کا مکمل طور پر صفایا کردیا گیا۔ ادھر فلوجہ میں عراقی فوج نے داعش دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ الرمادی سے داعش دہشت گردوں کا صفایا کئے جانے کے بعد اب فلوجہ سے بھی دہشت گردوں کا صفایا کئے جانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ الرمادی کے بعد دوسرے بڑے شہروں کی حیثیت سے فلوجہ اور موصل، داعش دہشت گردوں کے گڑھ بنے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ داعش دہشت گردوں نے دو ہزار چودہ کے موسم گرما میں عراق کے بعض شمالی اور مغربی علاقوں پر قبضہ کرکے ان علاقوں میں ہولناک ترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169