14 دسمبر 2015 - 17:13
معروف شیعہ عالم دین آیت اللہ شیخ زکزکی کی جان خطرے میں

نائیجیریا کے معروف شیعہ عالم دین آیت اللہ شیخ زکزکی کی جان خطرے میں ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ شیخ زکزکی اور ان کے خاندان والوں کی جان خطرے میں ہے۔ آیت اللہ شیخ زکزکی کے ایک قریبی ساتھی ابوتراب عبدالسلام نے آئی آر آئی بی کو بتایا ہے کہ آیت اللہ شیخ زکزکی اور ان کے خاندان کے متعدد افراد زخمی ہیں لیکن فوجی ان لوگوں تک طبی امداد فراہم کرنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔

ابوتراب عبدالسلام نے مشہد مقدس میں نائیجیریا کی ایک دینی طالبہ سے آیت اللہ شیخ زکزکی کی ٹیلی فونی گفتگو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں گولی لگی ہے اور ان کی حالت بہت خراب ہے۔ ابوتراب عبدالسلام نے بتایا کہ اس ٹیلی فونی گفتگو میں آیت اللہ شیخ زکزکی کو بولنے میں کافی دشواری ہورہی تھی اور انھوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی بھی فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی ہوگئی ہے۔

ابوتراب عبدالسلام نے بتایا ہے کہ شیخ زکزکی کا گھر فوجیوں کے محاصرے میں ہے اور فوجی کسی بھی قسم کی امداد پہنچانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں ۔

قابل ذکر ہے کہ نائیجیریا کے فوجیوں نے آیت اللہ شیخ زکزکی اور حسینیہ بقیۃ اللہ پر حملہ کرکے سیکڑوں شیعہ مسلمانوں کو شہید اور زخمی کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی رات آیت اللہ شیخ زکزکی کے گھر پر فوج کے حملے میں متعدد افراد شہید ہوگئے جن میں ان کی اہلیہ، ایک بیٹا، ان کے نائب اور ترجمان شامل ہیں۔

.......

/169