12 دسمبر 2015 - 20:28
علامہ سبطین سبزواری: عزاداری یزیدیت کے مظالم بے نقاب کرنے کا نام ہے

ایس یو سی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ نے پہلے سے زیادہ وقار کے ساتھ عزاداری کا اہتمام کیا کیونکہ عزاداری کے بانیوں نے مقدمات اور نظربندیوں کو خوش دلی سے قبول کیا، تشیع پر آنچ نہیں آنے دی، جھکے نہیں۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ جان دے دینا اور ظلم کیخلاف اٹھ کھڑے ہونا عزت اور وقار کا راستہ ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ حکومت نے محرم الحرام اور صفر المظفر کے دونوں ماہ ملت جعفریہ کو بلاوجہ عزاداری میں رکاوٹیں ڈال کر تنگ ضرور کیا، مگر حکمران یزیدیت کیخلاف حسینیت کے احتجاج کو روک نہیں سکے، ظالم حکومت یاد رکھے کہ عزاداری کو شیعہ نے زندہ نہیں رکھا، بلکہ عزاداری نے شیعہ کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ جامعۃ المنتظر لاہور میں دوسرے تاجدار امامت حضرت امام حسن مجتبٰی کی شہادت کے سلسلہ میں منعقدہ مجلس عزا سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ نواسہ رسول سیدالشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی سے منسوب دونوں بابرکت اسلامی مہینوں میں حکومت اور پولیس نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کے تمام مذموم حربے استعمال کئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے عزاداری کے جلوس نکالنے اور مجالس عزا منعقد کرانے پر بلاجواز مقدمات درج کئے، بانیان کو نظربند کیا لیکن شیعیان حیدر کرار ڈٹ گئے، علامہ ساجد علی نقوی نے ان جرائتمند بانیان مجالس اور عزاداروں کو سلام پیش کیا ہے، جنہوں نے ظلم و ستم اور قید و بند کی صعوبتیں تو برداشت کر لیں لیکن اپنی مذہبی آزادی کو پائمال نہیں ہونے دیا، ہر صورت عزاداری کا اہتمام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عزاداری کسی دور میں بھی یزیدی قوتوں کیلئے قابل قبول نہیں رہی کہ اس سے اہلبیت رسول کی عظمت کا پرچار اور یزیدیت کے مظالم بے نقاب ہوتے ہیں تو یزید کیلئے دل میں نرم گوشہ رکھنے والوں اور اسلام دشمن حکمران کیلئے رضی اللہ تعالٰی عنہہ کہنے والوں کو تو برداشت نہیں، لیکن عزاداری کیخلاف پہلی بار حکومت اور ریاستی ادارے صرف صوبہ پنجاب میں پارٹی بنے۔ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت پنجاب دہشتگرد تکفیریوں کی ہمدرد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران اپنے تمام تر منفی ہتھکنڈوں کے باوجود ناکام رہے ہیں، ملت جعفریہ نے پہلے سے زیادہ وقار کے ساتھ عزاداری کا اہتمام کیا، کیونکہ عزاداری کے بانیوں نے مقدمات اور نظربندیوں کو خوش دلی سے قبول کیا، تشیع پر آنچ نہیں آنے دی، جھکے نہیں۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ جان دے دینا اور ظلم کیخلاف اٹھ کھڑے ہونا عزت اور وقار کا راستہ ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169